Pakistan Freelance Journalists Association - PFJA

Digital Archive

صحافت ایک بہت بڑی طاقت ہے جس کے صحیح استعمال سے جمہوریت کا استحکام اور ملک و قوم کو ہر لحاظ سے مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے: وفاقی وزیرِ مملکت اسد الرحمن

صحافت ایک بہت بڑی طاقت ہے جس کے صحیح استعمال سے جمہوریت کا استحکام اور ملک و قوم کو ہر لحاظ سے مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے: وفاقی وزیرِ مملکت اسد الرحمن

صحافت ایک بہت بڑی طاقت ہے جس کے صحیح استعمال سے جمہوریت کا استحکام اور ملک و قوم کو ہر لحاظ سے مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے: وفاقی وزیرِ مملکت اسد الرحمن

گوجرہ پریس کلب کے لیے وزیرِ مملکت کی طرف سے ایک لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا گیا، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ صحافت کو مستحکم دیکھنے کے متمنی ہیں: چودھری امجد علی وڑائچ ایم پی اے

موجودہ حکومت کی عمدہ پالیسیوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں ضروری اقدامات بروئے کار لائے: نوید بخاری

گوجرہ (پ پی آئی) صحافیوں نے آمریت کے ادوار میں بلاخوف شاندار روایات قائم کی تھیں اور اب انہیں جمہوری اداروں اور ملک و قوم کو مضبوط بنانے کے لیے حب الوطنی، فرض شناسی اور دیانت داری کے ساتھ ایسا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے جس سے جہاد کے تمام تقاضے بطریقِ احسن پورے ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور چودھری اسد الرحمن نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ میں گوجرہ پریس کلب  رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام کلب کی پانچویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس پروقار تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مشیر حاجی فتح محمد مراد خان گاڈھی، صوبائی اسمبلی کے رکن چودھری امجد علی وڑائچ، ضلع کونسل کے چیئرمین چودھری محمد اشرف جوڑا، ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ عبدالاعلیٰ وحید، پاکستان فری لانس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال یوسفی، معززینِ شہر اور ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر آمروں کی زیادہ دیر تک حکومتیں قائم رہنے سے یہاں کے عوام جمہوری سیاست سے ناآشنا تھے، عوام کے ساتھ ساتھ اس وقت کی صحافت بھی جمہوریت سے آشنا نہ تھی۔ ملک میں جمہوری اداروں کے مستحکم ہونے سے زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو نیا شعور اور آگہی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ صحافت بہت بڑی طاقت ہے۔ اور اس طاقت کا محتاط استعمال ازحد ضروری ہے کیونکہ حساس نوعیت کی اس طاقت کے بہتر استعمال کی بدولت جمہوری اداروں اور قوم و ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کو منافع بخش کاروبار بناتے وقت ملک کے مستقبل کو داؤ پر نہ لگایا جائے، انہوں نے کہا کہ صحافت میں اتنی طاقت موجود ہے کہ وہ بڑے سے بڑے سیاست دانوں کو بھی عوام میں غیر مقبول بنا سکتی ہے تاہم صحافیوں کو چاہیئے کہ وہ حب الوطنی اورفرض شناسی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے گوجرہ پریس کلب کی تعمیر کے لیے اپنے فنڈز سے ایک لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا، قبل ازیں انہوں نے پریس کلب کی عمارت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ محمد اقبال یوسفی نے کہا کہ صحافت کے پیشے کے ساتھ دیانت داری برتنے اور وقار کو قائم و دائم رکھنے کے لیے صحافی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دیں۔ چودھری امجد علی وڑائچ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ غلام حیدر وائیں صحافت کو مستحکم دیکھنے کے متمنی ہیں اس کے علاوہ معتدل رہنماؤں کے دور میں صحافیوں کی قدر کی جائے گی۔ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزشت نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ محمد عابد نے تعلقاتِ عامہ کی اہمیت پر مقالہ پیش کیا، جبکہ گوجرہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نوید بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی عمدہ پالیسیوں کے دور رس اور اعلیٰ نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات بروئے کار لائے۔