![]() |
| ہارون سعد مرحوم بلند پایہ صحافی اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے مالک تھے فری لانس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے تعزیتی اجلاس میں مرحوم کی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا |
ہارون سعد مرحوم بلند پایہ صحافی اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے مالک تھے
فری لانس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے تعزیتی اجلاس میں مرحوم کی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا
لاہور (پ): آزاد صحافیوں کی تنظیم پاکستان فری لانس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایک تعزیتی اجلاس میں روزنامہ امروز کے سابق چیف ایڈیٹر و چیف ایگزیکٹو محمد ہارون سعد کے انتقال پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کیا گیا۔ تعزیتی اجلاس میں مرحوم کی صحافت کے لیے 40 سالہ خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
مقررین میں فضل الرحمن نعیم، اقبال یوسفی، ظفر علی راجہ، شکیل صدیقی، شوکت اللہ اور اختر حیات شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہارون سعد نہ صرف ایک کامیاب صحافی تھے بلکہ انہوں نے انتظامی امور میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم کے دورِ ادارت میں امروز لاہور اور ملتان ہر اعتبار سے معیاری اخبار رہا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کو اخبار کی بندش اور ملازمین کی بیروزگاری کا بے حد صدمہ تھا جس کی وجہ سے وہ گوشہ تنہائی میں چلے گئے تھے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر اقبال یوسفی نے کہا کہ مرحوم ایک بلند پایہ صحافی اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے مالک تھے۔ انہوں نے ہمیشہ دوست نوازی کی پالیسی اپنائی لیکن مکر نے ان سے بے وفائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہارون سعد کے انتقال سے پاکستانی صحافت ایک مخلص اور محبِ وطن صحافی سے محروم ہو گئی ہے۔
تعزیتی اجلاس میں نعیم قریشی، ابراہیم طاہر، لیق عسکری، آفاق علی خان، امتیاز رشید قریشی، نوید بخاری، ادریس عثمانی، خالد پرویز ملک، عبدالحمید، رانا اقبال چودھری، تنویر زبیری، مظہر علی ادیب، احسان کریم، کمال رضوی اور خالد لطیف نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہارون سعد مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور مغفرت کی دعا کی گئی۔
